چندی گڑھ، 18/ اگست (ایس او نیوز /ایجنسی ) ہریانہ میں اسمبلی انتخاب کا اعلان ہوتے ہی جن نایک جنتا پارٹی (جے جے پی) کو یکے بعد دیگرے کئی جھٹکے لگ گئے ہین۔ ٹوہانا سیٹ سے رکن اسمبلی اور پارٹی کے سرکردہ لیڈر دیویندر ببلی نے آج پارٹی سے استعفیٰ دینے کا اعلان کر دیا۔ دیویندر ببلی جے جے پی کے چوتھے رکن اسمبلی ہیں جنھوں نے انتخاب کے اعلان کے بعد پارٹی سے استعفیٰ دیا ہے۔ اس سے قبل انوپ دھانک، رام کرن کالا اور ایشور سنگھ پارٹی سے استعفیٰ دے چکے ہیں۔
امید کی جا رہی ہے کہ انوپ دھانک بی جے پی میں شامل ہو سکتے ہیں، جبکہ دیویندر ببلی، رام کرن کالا اور ایشور سنگھ کے کانگریس میں شامل ہونے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔ رام کرن کالا اور ایشور سنگھ کے بیٹے پہلے ہی کانگریس میں شامل ہو چکے ہیں۔
بہر حال، دیویندر ببلی نے اپنے استعفیٰ کی وجہ ظاہر نہیں کی ہے۔ مانا جا رہا ہے کہ وہ جلد ہی کسی دیگر پارٹی میں شامل ہو سکتے ہیں اور اسی ارادہ سے انھوں نے جے جے پی کا دامن چھوڑ دیا ہے۔ پارٹی کے قومی صدر اجئے سنگھ چوٹالا کے نام اپنے استعفیٰ میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں دیویندر سنگھ ببلی رکن اسمبلی ٹوہانا آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ میں جے جے پی کے سبھی عہدوں/ذمہ داریوں سے استعفیٰ دیتا ہوں۔ برائے کرم میرا استعفیٰ منظور کیا جائے۔‘‘